
وزیراعظم کا یورپی یونین کیساتھ مختلف شعبوں تعاون مضبوط بنانے کا عزم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ بالخصوص جی ایس پی پلس کے ذریعے باہمی مفاد پر مبنی تجارت بڑھانے کے اقدامات کی غرض سے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وہ یورپی یونین کے سفیر ریمنڈاس کروبلس سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے یورپی یونین کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ترقی، سلامتی، نقل مکانی اور موسمیاتی تبدیلیوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کو فروغ دینے میں جی ایس پی پلس سکیم کے اہم کردار پر زور دیا۔شہباز شریف نے گزشتہ سال نومبر میں برسلز میں ہونے والے پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کی قیادت کی۔
یورپی یونین کے سفیر نے تمام شعبوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ جی ایس پی پلس کے تحت تجارت کے ذریعے قریبی رابطے جاری رکھے گی۔













