بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

وزیرِ اعظم کا پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے پختہ عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں گیٹس فاؤنڈیشن برائے عالمی ترقی کے صدر ڈاکٹر کرس ایلیاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت ایک جامع حکمتِ عملی کے تحت مؤثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وزیرِ اعظم نے پولیو کے خلاف جنگ میں بل گیٹس اور سعودی عرب کے تعاون پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف نمایاں پیش رفت کے باوجود ہنگامی اقدامات اب بھی ناگزیر ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت مؤثر حکمتِ عملی کے تحت ملک بھر میں پولیو ٹیموں کی رسائی یقینی بنانے کے لیے صوبوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کے خاتمے کی مہم کے تحت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) میں شامل متعلقہ منصوبے ملک بھر میں جاری رہیں گے۔

اس موقع پر گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر کرس ایلیاس نے پولیو کے خاتمے کے لیے وزیرِ اعظم کی ذاتی توجہ اور مؤثر اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کی جانب مؤثر اقدامات کر رہا ہے جو کامیابی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
ڈاکٹر کرس ایلیاس نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعمیری مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اشتہار
Back to top button