
قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کیلئے عوام دوست پولیس فورس ناگزیر ہے:فیلڈ مارشل
چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ داخلی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے ایک مضبوط، پیشہ ورانہ اور عوام دوست پولیس فورس ناگزیر ہے۔وہ اسلام آباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے دورے کے موقع پر انسپکٹرز جنرل آف پولیس، ایڈیشنل آئی جی پیز اور اعلیٰ پولیس حکام سے بات چیت کر رہے تھے۔اکیڈمی آمد پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
فیلڈ مارشل نے پولیس شہدا کی یادگار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک بھر میں امن کی حفاظت، قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور عوامی تحفظ یقینی بنانے کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردی، جرائم اور داخلی سلامتی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کا اعتراف کیا۔دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل کو School for High-Impact Elite Law Enforcement Development
سمیت تربیتی پروگراموں کے بارے میںآگاہ کیا گیا جن کا مقصد پولیس کی استعداد کار میں اضافہ اوراسے جدت سے استوارکرنا ہے۔انہوں نے کیڈٹ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس سے بھی بات چیت کی، جہاں انہوں نے شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ میں دفاع کی پہلی لائن کے طور پر پولیس کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایجنسیوں کے درمیان تعاون، پولیسنگ کے جدید رجحانات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوام کے اعتماد کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے اس موقع پر کہا کہ امن و امان کے نفاذ کیلئے پولیس کی ذمہ داری ایک مقدس امانت ہے اور مسلح افواج ملک کے بہادر اور قابل فخر پولیس اہلکاروں کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ رہے گی۔سینئر پولیس قیادت نے پولیسنگ کے معیار کو مزید مستحکم کرنے، پیشہ ورانہ صلاحیت کو بڑھانے اور دور حاضر کے سکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ضروری ادارہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔













