
وزیراعظم کا ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قوم اور افواج پاکستان کی اجتماعی کوششوں کے ذریعے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وہ اسلام آباد میں منعقدہ قومی ورکشاپ میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ قومی سلامتی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اندرونی اور بیرونی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت قوم اور افواج پاکستان کے تعاون سے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ہم محنت، لگن اور دیانت داری سے قوموں میں وہ مقام ضرور حاصل کریں گے جس کا پاکستان حقدار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا پاکستان کا سٹرٹیجک لحاظ سے اہم صوبہ ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام اور سیکورٹی فورسز نے اس جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں۔











