
وفاقی ٹیکس محتسب کا اوورسیز پاکستانیز کے لیے بڑا اقدام، شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کی ہدایت
وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) نے اوورسیز پاکستانیز کی شکایات فوری اور ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس ضمن میں ایف ٹی او سیکرٹریٹ کو واضح احکامات دیے گئے ہیں کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش ٹیکس اور متعلقہ مسائل کا شفاف اور تیز رفتاری سے ازالہ یقینی بنایا جائے۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے رجسٹرار خالد جاوید کو اوورسیز پاکستانیز شکایات سیل کا انچارج مقرر کر دیا ہے، جو اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کی نگرانی اور فوری حل کے ذمہ دار ہوں گے۔ ایف ٹی او کے مطابق اس اقدام کا مقصد اوورسیز پاکستانیز کو بروقت ریلیف فراہم کرنا اور ان کا ادارے پر اعتماد مزید مضبوط بنانا ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، جن کی خدمات اور ترسیلاتِ زر ملکی استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کے مسائل کا حل حکومت اور اداروں کی اولین ترجیح ہے۔
ایف ٹی او کے مطابق اوورسیز پاکستانیز اپنی شکایات ہیلپ لائن، واٹس ایپ، ایف ٹی او موبائل ایپ اور سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے بھی درج کرا سکتے ہیں۔ ادارے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام شکایات کو شفاف، منصفانہ اور مقررہ وقت کے اندر نمٹایا جائے گا۔













