بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں عالمی معیار کی تعلیم اور تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وہ لاہور میں معروف آئی ٹی ماہر مرحومہ ارفع کریم رندھاوا کے والدین، ثمینہ امجد اور امجد کریم رندھاوا، اور ارفع کریم فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو تبندہ اسلام سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کم عمری میں آئی ٹی کے شعبے میں نمایاں خدمات سرانجام دینے اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر مرحومہ ارفع کریم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں ارفع کریم کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں لاہور میں قائم آئی ٹی ٹاور کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جو اب ارفع کریم ٹاور کہلاتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا علاقائی مرکز بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم اور تربیت کی طرف راغب کیا جا رہا ہے، جبکہ آئی ٹی کے شعبے میں کاروباری مواقع (انٹرپرینیورشپ) کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت رواں سال بھی نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کر رہی ہے تاکہ ان کی تعلیمی سرگرمیوں کو مزید سہارا دیا جا سکے۔

انہوں نے آئی ٹی کے فروغ کے لیے ارفع کریم فاؤنڈیشن کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پر مرحومہ ارفع کریم کے والدین نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لیے کیے جانے والے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

اشتہار
Back to top button