
وزیراعظم کی رمضان کے لیے مؤثر پیکج تیار کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ رمضان المبارک کے لیے گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ مؤثر اور فائدہ مند پیکج تیار کیا جائے۔آج اسلام آباد میں رمضان پیکج سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب اور عام آدمی کی مالی معاونت اور سماجی فلاح حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم نے خصوصی ہدایات جاری کیں کہ رمضان پیکج کے تحت امداد کی تقسیم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائے تاکہ مستحق افراد کی عزتِ نفس اور وقار برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے امداد کی تقسیم کیش لیس معیشت کے حصول کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ تمام متعلقہ وزارتیں اور محکمے اس امر کو یقینی بنائیں کہ امداد کی تقسیم میں مستحق افراد کی زیادہ سے زیادہ شمولیت اور کوریج ممکن بنائی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مؤثر نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اور منظم مانیٹرنگ سسٹم بھی نافذ کیا جائے۔وزیراعظم نے گزشتہ سال کے رمضان پیکج میں شفافیت پر تمام متعلقہ اداروں اور وزارتوں کی تعریف کی، جس کی نشاندہی ایک معروف آڈٹ فرم کی رپورٹ میں بھی کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ سال سے غریب عوام کو رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کے لیے ایک شفاف نظام قائم کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں یوٹیلیٹی اسٹورز کا نظام دہائیوں تک مالی بے ضابطگیوں، بدانتظامی اور غریبوں کے استحصال کا شکار رہا، جسے حکومت نے ایک شفاف نظام سے تبدیل کر دیا ہے۔











