بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سعودی کمانڈر کی علاقائی امن میں پاکستان کے کردار کی تعریف

سعودی عرب کی دفاعی قیادت نے پاکستان کے ساتھ بالخصوص ملٹی ڈومین آپریشنز کے شعبے میں مشترکہ تربیت اور آپریشنل تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔یہ دلچسپی چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران سعودی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے ملاقاتوں میں سامنے آئی۔

ایئر چیف کی آمد پر رائل سعودی ایئر فورس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مستقبل میں اشتراک کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فریقین نے موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ تربیت، آپریشنل تعاون اور پیشہ ورانہ مہارت کے تبادلے کے ذریعے روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ پاکستان-سعودی دفاعی معاہدے کو باہمی اعتماد اور برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔

ایئر چیف نے دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ و کثیرالملکی مشقوں کے ذریعے عسکری تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے پاکستان ایئر فورس کی ملٹی ڈومین فورس میں تبدیلی پر بھی روشنی ڈالی، جس میں خلاء، سائبر، الیکٹرانک وارفیئر اور مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کا انضمام شامل ہے۔

سعودی دفاعی قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل برتری اور جنگی تیاری کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے اور دفاع و ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

اشتہار
Back to top button