
پاکستان اور امریکا کے معاشی تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں: قیصر احمد شیخ
وزیرِ سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
وہ آج اسلام آباد میں یو ایس–پاکستان بزنس الائنس، پاکستان چیپٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں نئی گرمجوشی اور توانائی دیکھنے میں آئی ہے۔
وزیرِ سرمایہ کاری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کے بے شمار ایسے مواقع موجود ہیں جن سے ابھی پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا گیا، جن میں معدنیات اور کان کنی، نایاب دھاتیں، ٹیکنالوجی، توانائی اور صنعتی ترقی کے شعبے شامل ہیں۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی طور پر جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور چین کو ملانے والا ایک قدرتی پل ہے، جو علاقائی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے بے پناہ امکانات فراہم کرتا ہے۔













