بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

وزیراعظم کی بینکوں کو ایس ایم ایز اور کسانوں کے لیے قرضوں میں آسانی کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نجی شعبے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) اور چھوٹے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے قرضوں تک آسان رسائی فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم اسلام آباد میں ایس ایم ایز اور زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان تجارتی بینکوں کے ذریعے ایس ایم ایز اور زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی کے طریقۂ کار کو مزید آسان بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ زرعی شعبے میں جدت اور اختراع کے فروغ کے لیے خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر قرضے فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے خصوصی معاون ہارون اختر کو ایس ایم ای ڈی اے کی ٹیم کے ہمراہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام صوبوں کے دورے کی ہدایت کی تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے ایک جامع پالیسی مرتب کی جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید ہدایت کی کہ نوجوانوں کو انٹرپرینیورشپ کی تربیت فراہم کی جائے تاکہ نئے کاروبار شروع ہوں اور ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔

اشتہار
Back to top button