بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

برآمدات پر مبنی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برآمدات، بالخصوص زرعی برآمدات میں اضافے اور ملکی تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے ایک جامع اور مربوط حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم اسلام آباد میں قومی برآمدات کے فروغ سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چاول کی برآمدات میں مزید اضافے کے لیے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے تعاون سے مشترکہ حکمتِ عملی تشکیل دی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے برآمدات کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات میں تیزی لانے اور برآمد کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس کو حکومت کی مجموعی برآمدی حکمتِ عملی پر بریفنگ دی گئی اور گزشتہ سال جولائی سے دسمبر تک کے تجارتی اعداد و شمار پیش کیے گئے۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ انجینئرنگ، ادویات سازی، طبی آلات اور پروسیسڈ فوڈ سمیت اعلیٰ قدر کے شعبوں میں برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان کی برآمدات کو عالمی ویلیو چین کا حصہ بنانے کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے، جبکہ برآمد کنندگان کی سہولت کے لیے ملک بھر میں بندرگاہوں اور لاجسٹکس نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ چاول کی برآمدات کے حوالے سے مختلف ممالک کے ساتھ حکومت سے حکومت کی سطح پر معاہدوں کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔

اشتہار
Back to top button