
وزیرِ تجارت کا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ
کراچی: وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وہ آج کراچی میں امریکن بزنس کونسل کے وفد کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیرِ تجارت نے کہا کہ امریکی کاروباری برادری پاکستان کے معاشی سفر میں ایک قابلِ قدر اور دیرینہ شراکت دار ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے، ریگولیٹری استحکام یقینی بنانے اور غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پالیسی اصلاحات پر سرگرمی سے کام کر رہی ہے۔
اس موقع پر امریکن بزنس کونسل کے صدر اکرم ولی محمد نے کہا کہ کونسل، جو پاکستان کی سب سے بڑی نجی چیمبر ہے، ادویات سازی، توانائی، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر کردار ادا کر رہی ہے۔












