
نجکاری سے پی آئی اے کی عظمت رفتہ کی بحالی کا سفر شروع ہوگیا،عطاء اللہ تارڑ
وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے خسارے کے شکار سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔مشیر برائے نجکاری محمد علی کے ہمراہ آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال کرنے کا سفر اس کی نجکاری کے ساتھ شروع ہوگیا ہے جو ایک تاریخی لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے سالانہ خسارے سے قومی خزانے پر مزید بوجھ نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کا عمل شفاف اور مؤثر طریقے سے مکمل کیا گیا ہے۔اس موقع پر مشیر برائے نجکاری محمد علی نے یقین ظاہرکیا کہ پی آئی اے کی نجکاری سروس کے معیار میں بہتری کا باعث بنے گی۔
انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ نجی شعبہ پی آئی اے میں سرمایہ کاری اور نئے طیارے شامل کرنے کے علاوہ موجودہ بیڑے میں بہتری لائے گا۔مشیر محمدعلی نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے رہنمائی فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ اس نجکاری سے حکومت کو 55 ارب روپے حاصل ہوں گے۔مشیربرائے نجکاری نے کہا کہ پی آئی اے کا سب سے بڑا اثاثہ اس کے لینڈنگ رائٹس ہیں۔مشیرمحمدعلی نے یہ بھی واضح کیا کہ پی آئی اے کے خریدار کو ایک سو بیاسی ارب روپے کے واجبات منتقل کر دیئے گئے ہیں۔













