بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

مستقبل کے رہنماؤں کو علمی و فکری چیلنجز سے نمٹنے کی تربیت دینا ناگزیر ہے: چیف آف ڈیفنس فورسز

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مستقبل کے رہنماؤں کو ایسے علمی و فکری (کاغنیٹو) چیلنجز کی شناخت، پیش بینی اور مؤثر مقابلے کے لیے ہمہ وقت تیار اور چوکس رہنا چاہیے جو کئی سطحوں پر سامنے آتے ہیں۔

وہ آج اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) میں جاری نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ دشمن عناصر اب براہِ راست تصادم کے بجائے بالواسطہ اور مبہم طریقے اختیار کر رہے ہیں، جن میں پراکسیز کا استعمال اور اندرونی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانا شامل ہے۔

انہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ پیشہ ورانہ عسکری تعلیم ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، مقامی استعداد کار کو فروغ دینے اور طویل المدتی قومی استحکام کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی، علاقائی اور داخلی سیکیورٹی ماحول کی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کو ہمہ جہت اور مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق یہ چیلنجز روایتی، غیر روایتی، انٹیلی جنس، سائبر، معلوماتی، عسکری اور معاشی سمیت مختلف شعبوں پر محیط ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے ہمہ جہتی تیاری، مسلسل تطبیق اور قومی طاقت کے تمام عناصر کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر یقینی حالات میں واضح فیصلہ سازی، فکری مضبوطی اور ذہنی استقامت آج کے پیچیدہ سیکیورٹی ماحول میں کامیاب قیادت کے لیے انتہائی اہم اوصاف ہیں۔

فیلڈ مارشل نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ این ڈی یو ایک ممتاز ادارہ ہے جو اسٹریٹجک سوچ رکھنے والے رہنما تیار کر رہا ہے، جو معیاری تربیت اور علمی بصیرت کو مؤثر پالیسی سازی اور عملی نتائج میں ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس موقع پر کورس کے سول اور عسکری شرکاء کے پینلز نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کی ضروریات پر اپنی علمی آرا پیش کیں، جنہیں فیلڈ مارشل نے سراہا۔

انہوں نے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ دیانت، نظم و ضبط اور بے لوث خدمت جیسی اقدار کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہوئے مستعد، لچکدار اور ثابت قدم رہیں۔

اس سے قبل این ڈی یو پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یونیورسٹی کے صدر نے پرتپاک استقبال کیا۔

اشتہار
Back to top button