
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سعودی عرب کی سلامتی،خوشحالی کےعزم کا اعادہ
چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے اپنے سرکاری دورے میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی اور فوجی تعاون، سٹریٹجک اشتراک عمل اور ابھرتے ہوئے جغرافیائی سیاسی چیلنجز سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بات چیت میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی طرف سے جاری شاہی فرمان کے تحت فیلڈ مارشل کو سعودی عرب کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز شاہ عبدالعزیز میڈل آف EXCELLENT کلاس سے بھی نوازا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو یہ اعزاز شاندار فوجی خدمات ، قیادت اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، سٹریٹجک اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں اُن کے مرکزی کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اِس اعزاز سے نوازنے پر خادم حرمین شریفین اور سعودی قیادت سے اظہار تشکر کیا۔فیلڈمارشل عاصم منیر نے سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔













