
بجلی کے ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے پر حکومت کی تمام توجہ مرکوز ہے، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے پر حکومت کی تمام توجہ مرکوز ہے اور بھرپور کوشش کی جا رہی ہے کہ صنعتوں کو علاقائی مسابقتی نرخوں پر بجلی فراہم کی جائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے کے حوالے سے نجی شعبے کی ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔
وزیراعظم نے وزیر پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ بجلی کے ویلنگ چارجز کو مناسب سطح پر لانے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سفارشات پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں میں بنائی گئی ورکنگ گروپس کی سفارشات مکمل ہونے کے بعد معیشت کی ترقی کا قومی پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے نجی شعبے سے مشاورت کے حوالے سے بنائی گئی توانائی کی کمیٹی کی محنت اور کاوشوں کی بھی تعریف کی، جس کی سربراہی شہزاد سلیم کر رہے ہیں۔ اجلاس میں ٹیرف اسٹرکچر، بجلی کی ترسیل کے حوالے سے مشکلات، مناسب نرخوں اور بجلی کے شعبے سے متعلق دیگر امور پر سفارشات پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ بجلی کی ٹرانسمیشن اور وولٹیج کے نظام کو قابل اعتماد بنانے کے حوالے سے بھی سفارشات پیش کی گئیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران شریک ہوئے۔













