
انڈر 19 ایشیا کپ ، فائنل میں بھارت کو شکست دیکر تاریخ رقم کرنے والی قومی ٹیم سے وزیراعظم کل ملاقات کرینگے
ایشیا کپ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر تاریخ رقم کرنے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم آج رات وطن واپس پہنچ رہی ہے۔ قومی ٹیم کو لے کر پی آئی اے کی خصوصی پرواز رات ساڑھے گیارہ بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کی فاتح ٹیم کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر شاندار اور پرتپاک استقبال کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں کرکٹ حکام، اہلِ خانہ اور شائقین کھلاڑیوں کا استقبال کریں گے۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کی اس تاریخی کامیابی پر حکومتِ پاکستان نے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف کل فاتح کرکٹ ٹیم سے ملاقات کریں گے اور بھارت کو شکست دینے والے کھلاڑیوں کی غیرمعمولی کارکردگی کو سراہیں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کو ملکی کرکٹ کے روشن مستقبل کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ کھلاڑیوں کی اس کامیابی نے پوری قوم کو خوشی اور فخر کا موقع فراہم کیا ہے۔













