صدر اور وزیراعظم کا لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کے یوم شہادت پر خراج عقیدت

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کے 54ویں یوم شہادت پر انکی بہادری اور جرأت کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کی میدان جنگ میں تاریخی بہادری اور قربانی قوم اور آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید بہادری، قربانی اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری کی روشن علامت ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی قربانی افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، ایثار اور قومی جذبے کی عکاس ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید جیسے بہادر سپوت مادر وطن کے ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے اپنی جرأت، دلیری اور بہادری سے ثابت کیا کہ پوری قوم دفاع وطن میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔

بری فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

Exit mobile version