پاکستان کا بھارت کی جانب سے دریائے چناب کے بہائو میں غیر معمولی تبدیلی پر تحفظات کا اظہار

پاکستان نے بھارت کی جانب سے دریائے چناب کے بہائو میں غیر معمولی تبدیلی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ ہمارے انڈس واٹر کمشنر نے اپنے بھارتی ہم منصب کو خط لکھا ہے جس میں سندھ طاس معاہدے میں درج شقوں کے مطابق اس معاملے پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دے، دریاکے بہائو میں کسی بھی طرح کی یکطرفہ تبدیلی سے باز رہے اور سندھ طاس معاہدے کی شقوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں مکمل طور پر پوری کرے۔طاہر اندرابی نے پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک پابندبین الاقوامی معاہدہ ہے جو خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کا ایک ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تنازعات کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے لیکن وہ اپنی عوام کی بقاء کیلئے پانی کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

 

Exit mobile version