
ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کی قومی مہم اعلیٰ سطح پر بھرپور رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، وزیر خزانہ
وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کی قومی مہم اعلیٰ سطح پر بھرپور رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں اینٹ انٹرنیشنل گروپ کے صدر ڈگلس فیگن اور ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے چیئرمین عرفان وہاب خان کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
ملاقات میں پاکستان کی کیش لیس اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار معیشت کی جانب منتقلی کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں بالخصوص مالی شمولیت کے فروغ اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ادائیگیوں کے نظام اور سرکاری ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت اہم شعبوں میں مربوط حکمتِ عملی کے تحت واضح کارکردگی اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔
اینٹ انٹرنیشنل گروپ کے صدر ڈگلس فیگن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے ایجنڈے کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا بھر میں حاصل کیے گئے عالمی تجربے، جدید ٹیکنالوجی اور آپریشنل مہارت کے ذریعے کیش لیس ادائیگیوں اور ڈیجیٹل مالی خدمات کے فروغ میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔
دونوں فریقین نے مرچنٹ ڈیجیٹلائزیشن، صارفین کی آگاہی اور ادائیگیوں کے نظام کی جدیدکاری اور مالی شمولیت کے قومی اہداف کے حصول کے لیے ترجیحی اقدامات پر مسلسل رابطے اور ہم آہنگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔













