
پاکستان کا غزہ میں جنگ بندی کے مکمل احترام کا مطالبہ
پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کے مکمل احترام اور کسی بھی یکطرفہ فوجی کارروائی سے گریز کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ مطالبہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، عاصم افتخار احمد نے مشرق وسطیٰ سے متعلق سلامتی کونسل کی بریفنگ کے دوران کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ غزہ سے اسرائیلی افواج کا انخلا ناگزیر ہے اور محفوظ و بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ تعمیرِ نو کا عمل بلا تاخیر شروع ہونا چاہیے، جبکہ مقبوضہ فلسطینی زمین کے الحاق، زبردستی نقل مکانی یا تقسیم کی کسی بھی کوشش کو مسترد کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی بنیاد پر ایک مقررہ مدت اور ناقابلِ واپسی سیاسی عمل کے ذریعے 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک خودمختار، آزاد اور متصل فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی عزت، انصاف اور حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور بین الاقوامی قانونی اصولوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔











