
زائرین کو محفوظ اور سہل سفر کی فراہمی حکومت کی ترجیح، سردار محمد یوسف
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومت زائرین کو شفاف نظام کے تحت بہتر سہولیات اور محفوظ سفر کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ ایران اور عراق جانے والے زائرین کو ہر ممکن سہولت میسر آ سکے۔
وہ اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جہاں 67 نئے رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز (ZGOs) میں رجسٹریشن سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 24 زیارت گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ آئندہ سال سے ایران اور عراق کے لیے زائرین کے سفر نئے نظام کے تحت کرائے جائیں گے۔ انہوں نے باقی رہ جانے والی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد اپنی دستاویزات مکمل کر کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس حاصل کریں۔
سردار محمد یوسف نے مزید بتایا کہ سی کیپرز (Sea Keepers) نامی ایک فیری کمپنی کو وزارتِ بحری امور کی جانب سے زائرین کی نقل و حمل کا لائسنس جاری کر دیا گیا ہے، جس سے ایران اور عراق کے لیے سمندری سفر کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز کی فہرست وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ نئے رجسٹرڈ آرگنائزرز میں پنجاب سے پچاس، خیبر پختونخوا سے بائیس، سندھ سے دس، اسلام آباد سے آٹھ جبکہ گلگت سے ایک آرگنائزر شامل ہے۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت زائرین کے سفر کو منظم، محفوظ اور سہل بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔













