
علمائے کرام فرقہ واریت کی حوصلہ شکنی اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے کردار ادا کریں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے بغیر پائیدار اقتصادی ترقی کا حصول ممکن نہیں۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں قومی علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ تمام مکاتب فکر کے درمیان فرقہ واریت کی حوصلہ شکنی اور اتحاد، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا کردا ادا کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ قومی اتحادو یکجہتی کی فضاء ملک کی خوشحالی اور مستقبل کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوارج معصوم شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ میں نے شہید جوانوں کے اہل خانہ سے ملاقاتیں کیں جنہوں نے ملک کیلئے اپنے بیٹوں کی قربانی پر فخر کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے معیشت سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایسے مقام پر پہنچ چکا ہے جہاں سے وہ تیز ترین اقتصادی ترقی کے لئے اڑان بھرنے کو تیار ہے انہوں نے کہا ملک کی سیاسی او ر فوجی قیادت نے قوم کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالنے کے لئے انتھک محنت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو درپیش تمام مسائل کے خاتمے اور طویل مدتی استحکام اور ترقی کے حصول کے لئے قومی وقار اور یکجہتی ناگزیر ہے۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام کی بڑی تعداد نے کنونشن میں شرکت کی۔













