
پاکستان،انڈونیشیا کا مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے کا فیصلہ
پاکستان اور انڈونیشیا نے تجارت، ثقافت، صحت، تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ مفاہمت آج (منگل) اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدرPrabowo Subianto کے درمیان ملاقات میں ہوئی۔بعد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے انڈونیشیا کے صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے کا یقین دلایا تاکہ مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے مقرر کردہ اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ساڑھے چار ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت جس سے انڈو نیشیا کو زیادہ فائدہ حاصل ہوتا ہے، کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں فریقوں نے پاکستان سے زرعی مصنوعات اور آئی ٹی خدمات کی برآمدات کے ذریعے تجارت میں توازن پیدا کرنے کے لئے اجتماعی اقدامات کرنے پر بات چیت کی ہے۔
شہباز شریف نے یقین ظاہر کیا کہ انڈونیشیا کے صدر کا دورہ برادرانہ تعلقات کو مزید بلندیوں پر لے جائے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ نہ صرف اپنے ممالک بلکہ پورے خطے کی ترقی اور امن کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔اس موقع پر انڈونیشیا کے صدر Prabowo Subianto نے کہا کہ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو عملی طور پرازسرنو متوازن کرنے کے عمل میں تیزی لانے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے صحت کے شعبے میں اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے ڈاکٹروں، دندان سازوں، طبی ماہرین اور دیگر متعلقہ ماہرین کو انڈونیشیا بھیجنے پر آمادگی ظاہر کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔انڈونیشیا کے صدر نے کہا کہ دونوں ممالک خارجہ پالیسی کے شعبے میں ہم آہنگی خاص طور پر فلسطین پر مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں۔
انڈونیشیا کے صدر نے اپنے دورے کے دوران پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔انڈونیشیا کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کوانڈونیشیا کے دورے کی دعوت بھی دی۔













