وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور طویل المدتی، ذمہ دارانہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔اسلام آباد میں نیسلے پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہتر کمپلائنس، شفافیت اور مضبوط ٹیکس نظام پاکستان کی معاشی بحالی کے بنیادی ستون ہیں۔وزیرِ خزانہ نے غیر رسمی معیشت کے خلاف کارروائی کے حکومتی عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے کئی صنعتوں میں نمایاں نتائج سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے وزارتِ خزانہ میں ٹیکس پالیسی آفس کے قیام کو بڑی ساختی اصلاحات میں سے ایک قرار دیا، جو نجی شعبے کے ساتھ سال بھر مسلسل رابطے کے ذریعے پالیسی میں بہتری اور آئندہ بجٹ سے قبل اس کے مؤثر نفاذ میں مدد دے گا۔وزیرِ خزانہ نے نیسلے پاکستان کی ٹیکس پالیسی آفس کے ساتھ تعاون کی خواہش کا خیرمقدم کیا اور خوراک و مشروبات کے شعبے میں زیادہ رسمی کاروبار اور بہتر ٹیکس مساوات کے لیے حکومتی عزم کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ حکومت برآمدات پر مبنی صنعتوں کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ کا ملکی معیشت مضبوط بنانے کا عزم
