کراچی بلوز نے قائداعظم ٹرافی جیت لی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پانچ روزہ فائنل میں اس نے دفاعی چیمپئن سیالکوٹ کو 218رنز سے شکست دے دی۔سیالکوٹ کو جیتنے کے لیے 533 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم 314 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کراچی بلوز نے 10 ویں مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے جبکہ کراچی کی کسی ٹیم نے 22 ویں مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔سیالکوٹ نے آخری دن12 رنز کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں پر اننگز شروع کی تو اسے جیت کے لیے مزید 521رنز درکار تھے ۔35کے مجموعی سکور پر پہلی وکٹ گری جب ثاقب خان نے اذان اویس کو 11 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔محمد ہریرہ 39رنز بناکر محمد عمر کی گیند پر سعد بیگ کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو مجموعی سکور 81 رنز تھا۔عبدالرحمن کو 18 کے انفرادی سکور پر رمیز عزیز نے عبداللہ فضل کے ہاتھوں کیچ کرادیا تو سیالکوٹ کا سکور تین وکٹوں پر 121 رنز تھا۔
سیالکوٹ کی مشکلات اسوقت بڑھ گئیں جب سکور 144 تک آتے آتے محسن ریاض6 اور عبداللہ شفیق59 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔دونوں کی وکٹیں ثاقب خان نے حاصل کیں۔افضال منظور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے13 چوکوں کی مدد سے63 رنز بناکر رمیز عزیز کی گیند پر آؤٹ ہوئے انہوں نے حمزہ نذر کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 112 رنز کا اضافہ کیا۔حمزہ نذر 9 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بناکر مشتاق احمد کی گیند پر سعد بیگ کے ہاتھوں کیچ ہوئے ۔ سیالکوٹ کی ساتویں وکٹ281 رنز پر گری۔ حسن علی کی 25 رنز کی اننگز کا خاتمہ بھی مشتاق احمد نے 304کے مجموعی سکور پر کیا۔سیالکوٹ کی نویں وکٹ 310 کے سکور پر گری جب ثاقب خان نے محمد علی کو6 رنز پر سعد بیگ کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ثاقب خان نے اننگز کی پانچویں وکٹ حسنین کو صفر پر بولڈ کرکے حاصل کی انہوں نے 86 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں ۔انہوں نے پہلی اننگز میں بھی چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے اس قائداعظم ٹرافی کا اختتام 47 وکٹوں پر کیا۔
پلیئر آف دی میچ ایوارڈ پہلی اننگز میں 88 اور دوسری اننگز میں 114رنز بنانے والے عبداللہ فضل نے حاصل کیا۔
کراچی بلوز نے قائداعظم ٹرافی ٹرافی جیت لی۔ فائنل میں دفاعی چیمپئن سیالکوٹ کو218 رنز سے شکست
