
پاکستان انڈر 19 کی قیادت فرحان یوسف کے سپرد، اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان
گزشتہ سال کے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے فرحان یوسف آئندہ ایڈیشن میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت کریں گے۔ یہ ٹورنامنٹ 12 سے 21 دسمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔
گزشتہ سال سیمی فائنل میں بنگلادیش سے شکست کھانے والی پاکستان ٹیم اس بار گروپ ’اے‘ میں شامل ہے، جس میں بھارت، کوالیفائر 1 اور کوالیفائر 3 کی ٹیمیں بھی موجود ہیں۔ گروپ ’بی‘ میں افغانستان، بنگلادیش، سری لنکا اور کوالیفائر 2 شامل ہیں۔
ایشیائی ایونٹ پاکستان کے لیے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کا ایک اہم موقع ثابت ہوگا، جو 15 جنوری سے 6 فروری تک زمبابوے اور نمیبیا میں منعقد ہوگا۔
پاکستان اپنی مہم کا آغاز جمعہ، 12 دسمبر کو کوالیفائر 3 کے خلاف دی سیونز اسٹیڈیم دبئی میں کرے گا۔ بھارت کے خلاف بڑا مقابلہ اتوار، 14 دسمبر کو آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں شیڈول ہے، جبکہ آخری گروپ میچ 16 دسمبر کو کوالیفائر 1 کے خلاف اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل 19 دسمبر کو دی سیونز اسٹیڈیم اور آئی سی سی اکیڈمی میں ہوں گے جبکہ فائنل اتوار، 21 دسمبر کو منعقد ہوگا۔
18 سالہ فرحان یوسف نے حال ہی میں نیشنل مینز انڈر 19 کپ میں لاہور ریجن وائٹس کی قیادت کی، جہاں انہوں نے سات میچوں میں 369 رنز بنائے، جن میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل تھیں۔ گزشتہ ایشیا کپ میں سنچری بنانے والے عثمان خان اس ایونٹ میں نائب کپتان ہوں گے۔ نیشنل مینز انڈر 19 کپ میں فاٹا کی نمائندگی کرتے ہوئے عثمان نے سات میچوں میں 429 رنز بنائے، جن میں دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم آج کراچی میں تربیتی کیمپ کا آغاز کرے گی، جو ٹیم کی دبئی روانگی تک جاری رہے گا۔
15 رکنی اسکواڈ:
فرحان یوسف (کپتان)، عثمان خان (نائب کپتان)، عبدالسبحان، احمد حسین، علی حسن بلوچ، علی رضا، دانیال علی خان، حمزہ ظہور (وکٹ کیپر)، حذیفہ احسن، مومن قمر، محمد حذیفہ، محمد صیّام، محمد شیان (وکٹ کیپر), نقاب شفیق اور سمیر منہاس
نان ٹریولنگ ریزرو کھلاڑی:
عبدالقادر، حسنین در، محمد حسن خان، ابتسام اظہر اور عمر زیب













