وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر جلد دستخط کئے جائیں گے جس سے پاکستان اور جی سی سی کے رکن ملکوں بالخصوص بحرین کے ساتھ تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے آج (جمعرات) منامہ میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت مشترکہ منصوبوں میں تعاون، سرمایہ کاری کے منصوبوں میں سہولت اور ترقی کے باہمی فائدہ مند سفر میں اشتراک عمل کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے بحرین کی قیادت اور تاجروں سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور مل کر کام کریں اور پاکستانی معیشت بالخصوص صنعت، زراعت، آئی ٹی اور فن ٹیک کے شعبوں کو مزید متحرک بنائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بحرین دو برادر ملک ہیں اور ہمارے دہائیوں پرانے تعلقات ثقافت، مذہب، باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان کئی دہائیوں پرانا سٹرٹیجک تعاون بھی ہے اور اب ہمیں ان تعلقات کو مزید متحرک اقتصادی تعاون میں بدلنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان برادر ملک بحرین کے ساتھ زراعت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور فن ٹیک سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
