روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو نے وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور روانڈا کے درمیان مشرقی افریقہ تک براہِ راست سمندری راہداریوں کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کراچی سے جبوتی اور ممباسا تک نئی شپنگ لائنز شروع کرنے کی تجویز زیر غور آئی۔ وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ مشرقی افریقہ کی پچاس کروڑ صارفین پر مشتمل مارکیٹ تک رسائی پاکستان کا اہم ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی سمندری راہداریوں سے تجارتی لاگت میں تیس فیصد تک کمی متوقع ہے جبکہ کراچیجبوتی روٹ کے آغاز سے ترسیل کے وقت میں نمایاں کمی آئے گی۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر کو افریقہ کے لیے مستقبل کے ایک اہم برآمدی مرکز کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے جس سے پاکستانی ٹیکسٹائل اور ادویات کے لیے افریقی منڈیوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچیممباسا روٹ سے علاقائی انضمام مزید مضبوط ہوگا اور بہتر بحری روابط سے پاکستانی برآمدات عالمی منڈی میں زیادہ مسابقتی بنیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے سمندری راستے بحرِ ہند میں پاکستان کے بحری کردار کو وسعت دیں گے۔
اس موقع پر روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو نے کہا کہ براہِ راست سمندری روابط سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا اور روانڈا کی چائے، کافی اور ایووکاڈو کی پاکستان تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔
