بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ، سری لنکا کی پہلی جیت، زمبابوے کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا

سری لنکا نے زمبابوے کو سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی  سیریز میں 9  وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی جیت حاصل کرلی۔راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹ پر 146 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے برائن بننیٹ 34 اور سکندر رضا 37 رنز بناکر نمایاں رہے۔ریان برل نے 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔سری لنکا کی جانب سے ہسارنگا اور تھکشانا نے 2،2  کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

147 رنز کے  ہدف کے جواب میں پاتھم نسانکا کی جارحانہ بیٹنگ کے سامنے زمبابوے کے بولرز بے بس دکھائی دیے۔ سری لنکا نے ہدف 17 ویں اوور میں ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔

نسانکا نے صرف 58 گیندوں پر4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔کامل مشرا 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کوشل مینڈس 25 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

یوں سری لنکا نے سہ ملکی سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔واضح رہے کہ پاکستان مسلسل 3 میچز جیت کر فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ زمبابوے 4 میچز میں ایک اور سری لنکا 3 میچز میں ایک کامیابی حاصل کر سکا ہے۔ایونٹ میں سری لنکا کا اگلا میچ جمعرات کو پاکستان سے ہوگا۔فائنل تک رسائی کے لیے سری لنکا کو میچ جیتنا لازمی ہوگا۔

اشتہار
Back to top button