بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا  ڈی-8 ممالک سے مشترکہ میڈیا پالیسی کے ذریعے جعلی خبروں کا مقابلہ کرنے کا مطالبہ

وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے ڈی-8 رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ معلومات کی غلط ترسیل اور جعلی خبروں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مشترکہ میڈیا پالیسی اپنائیں۔یہ بات انہوں نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ڈی-8 اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل، سفیر ایسیاکا عبدالقادر امام سے ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات میں ڈی-8 ممالک کے درمیان خصوصاً میڈیا شعبے میں باہمی تعاون اور دیگر اہم عالمی مسائل پر بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مؤثر فیکٹ چیکنگ سسٹم قائم کرنا ضروری ہے اور اس کے لیے ایک اسٹریٹجک حکمت عملی اپنانا لازمی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک جعلی خبروں پر مکمل کنٹرول نہیں ہوتا، ڈی-8 ممالک کا مشترکہ بیانیہ مضبوط نہیں ہو سکتا۔وزیر نے کہا کہ ثقافت، مواصلات اور ٹیکنالوجی کے امتزاج کے ذریعے ڈی-8 ممالک کے عوام کو قریب لایا جا سکتا ہے۔

سیکریٹری جنرل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیر اطلاعات نے عالمی اقتصادی ترقی اور علاقائی امن میں ان کے کردار کا اعتراف کیا۔سفیر ایسیاکا عبدالقادر امام نے ایک دوسرے کے میڈیا تجربات سے سیکھنے، مشترکہ تربیت اور ورکشاپس کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ عالمی سطح پر مضبوط اور مثبت بیانیہ قائم کرنے کے لیے ڈی-8 پلیٹ فارم پر تعاون کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔

اشتہار
Back to top button