بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایشیا کپ رائزنگ سٹار ٹورنامنٹ، پاکستان شاہینز سری لنکا کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئے

پاکستان شاہینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے فائنل میں پہنچ گئی۔جمعہ کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں اس نے دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا اے کو 5 رنز سے شکست دیدی۔اتوار کو ہونے والے فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ بنگلہ دیش اے سے ہوگا جس نے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا اے کو سپر اوور میں شکست دی۔پاکستان شاہینز نے ٹورنامنٹ میں اپنے تینوں گروپ میچز عمان، انڈیا اے اور متحدہ عرب امارات کے خلاف جیتے تھے۔

ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں سری لنکا اے نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔جواب میں سری لنکا اے 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 148 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔پاکستان شاہینز کی اننگز میں غازی غوری نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے39 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے62 رنز پر5 وکٹیں گرجانے کےبعد سعد مسعود کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں قیمتی 47رنز کا اضافہ کیا۔ سعد نے تین چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے۔

 

غازی غوری نے احمد دانیال کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 24 رنز کا اضافہ کیا۔ دانیال نے3 چھکوں کی مدد سے 22 رنز کی اننگز کھیلی ۔معاذ صداقت نے 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 23رنز سکور کیے۔

محمد نعیم 16 کپتان عرفان خان 6 یاسرخان 6 اور محمد فائق7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا اے کی طرف سے پرامود مدوشان نے29 رنز دے کر 4 اور تراوین میتھیو نے22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا اے کی اننگز میں ملن رتنائیکے نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز بنائے۔وشن ہلمباگے نے2 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 29 رنز سکور کیے۔ لستھ کروسپولے نے3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 27رنز بنائے۔پاکستان شاہینز کی طرف سے سفیان مقیم نے 13 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
سعد مسعود نے بھی 3 وکٹیں 18 رنز دے کر حاصل کیں۔احمد دانیال عبید شاہ اور شاہد عزیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اشتہار
Back to top button