بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم پاک،برطانیہ مضبوط تعلقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کے معترف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاک، برطانیہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے گرانقدر کردار کو سراہا ہے۔وہ اسلام آباد میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ تقریباً بیس لاکھ پاکستانی نژاد برطانوی شہری برطانیہ میں مختلف شعبوں میں فعال کردار ادا کرتے ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔شہباز شریف نے کنگ چارلس سوئم کی عوامی خدمت کی مثالی زندگی کی تعریف کی اور انہیں برطانیہ، دولت مشترکہ اور دنیا کے دیگر حصوں کے لاکھوں افراد کے لیے ایک مثال قرار دیا۔

انہوں نے اسلام آباد اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعدبرطانوی حکومت اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی جانب سے اظہار تعزیت پر تشکر کا اظہار کیا۔انہوں نے زور دیا کہ دہشتگردی ‘ عالمی امن اور استحکام کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی بہادر مسلح افواج اور ثابت قدم عوام کے ساتھ متحدہوکر دہشت گردی کے ناسور کا سامنا کرنے اور اسے شکست دینے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے مانچسٹر کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے کردار کو بھی سراہا اور کنگ چارلس سوئم اورملکہ برطانیہ کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان میںحالیہ دہشت گرد حملوں پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے برطانیہ کی جانب سے ہر قسم کی مدد کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھ رہی ہے جو کہ ساڑھے پانچ ارب پاؤنڈ سالانہ تک پہنچ گئی ہے۔

اشتہار
Back to top button