
وزیراعظم ٹاسک فورس کا قومی غذائی تحفظ کی حفاظت یقینی بنانے کی پالیسی پر اتفاق
پانی کی قلت پر وزیراعظم کی ٹاسک فورس نے بین الصوبائی رابطے کو مضبوط کرنے اور پانی کی مساویانہ تقسیم اور قومی غذائی تحفظ کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے معلومات پر مبنی پالیسیوں کو اپنانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ فیصلہ وفاقی وزیر کے ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اجلاس کے دوران کیا گیا۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے معلومات کی بنیاد پر منصوبہ بندی کرنے اور مشترکہ نگرانی کے ذریعے پانی کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ٹاسک فورس نے آئندہ ربیع اور خریف کے موسم میں موجودہ اور جمع شدہ پانی اور حالیہ برسوں میں بھارت سے پانی کے بہاؤ اور اس میں تبدیلی کے بارے میں اعداد وشمار کا جائزہ لیا۔اجلاس میں پانی کے بہتر انتظام’ نگرانی’ انفراسٹرکچر اور جدید تقاضوں کے مطابق محدود وسائل کو استعمال کرنے پر زور دیا گیا۔











