
استحکام اور ترقی کیلئے بات چیت ہمیشہ سے پا کستان کی ترجیح رہی ہے،اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی پذیر دنیا کی آواز مزید بلند کرنے ، انصاف اور بات چیت کے ذریعے امن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔وہ آج اسلام آباد میں بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اقوام متحدہ کے منشور، خودمختار مساوات، تنازعات کے پرامن حل، عدم مداخلت اور ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کے اصولوں پر مبنی ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ استحکام اور ترقی کیلئے بات چیت ہمیشہ سے پا کستان کی ترجیح رہی ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت کے خلاف بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی کارروائیوں کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔اسلام آباد اور وانا میں ہونے والی دہشت گردی کی گھنائونی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائیاں اس لعنت سے نمٹنے کے ہمارے قومی عزم کو کبھی متزلزل یا کمزور نہیں کر سکیں گی۔











