
نوواک جوکووچ کا ایک اور تاریخی کارنامہ، 38 سال کی عمر میں 101واں ٹائٹل اپنے نام
نوواک جوکووچ، جو اس وقت 38 برس کے ہو چکے ہیں، اپنے کیریئر کے آخری مرحلے میں دکھائی دے رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں کارلوس الکاراز اور یانک سینر جیسے نوجوان کھلاڑیوں کے خلاف ان کی کارکردگی معمولی رہی، تاہم اس کے باوجود سربیا کے یہ عظیم ٹینس اسٹار اب بھی ریکارڈ بُکس میں اپنی جگہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
ہفتہ 8 نومبر کو جوکووچ نے یونان میں ہونے والا ہیلینک چیمپئن شپ جیت کر ایک اور کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے اطالوی کھلاڑی لورینزو موسیتی کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔ پہلا سیٹ 4-6 سے ہارنے کے بعد جوکووچ نے شاندار واپسی کی اور دوسرا سیٹ 6-3 سے جیتا، جب کہ فیصلہ کن سیٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7-5 سے کامیابی حاصل کی۔
یہ فتح جوکووچ کے کیریئر کا 101 واں خطاب ہے، جو مردوں کے ٹینس کی تاریخ میں گیارہواں سب سے زیادہ ہے۔ 38 سال اور پانچ ماہ کی عمر میں جوکووچ 1977 کے بعد سے کسی اے ٹی پی ایونٹ میں ٹائٹل جیتنے والے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے ہیں، جب کین روز وال نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ جوکووچ نے راجر فیڈرر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے ہارڈ کورٹ پر اپنا 72 واں اے ٹی پی ٹائٹل جیت کر فیڈرر کے 71 ٹائٹلز کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔ جوکووچ پہلے ہی مردوں کے ٹینس میں کئی بڑے اعزازات کے حامل ہیں، جن میں سب سے زیادہ 24 گرینڈ سلیم ٹائٹلز، 37 فائنل، 53 سیمی فائنل اور 64 کوارٹر فائنل میں شرکت شامل ہے۔













