
وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی
وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ اجلاس کی صدارت کی۔وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کی قیادت اور کابینہ کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ منظور شدہ مسودہ اب پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے وزارت قانون و انصاف، اٹارنی جنرل اور ان کی ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز نے 27ویں آئینی ترمیم کے لیے مشترکہ کوششیں کیں تاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں۔
انہوں نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں بلاول بھٹو زرداری، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، چوہدری سالک حسین اور خالد حسین مگسی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مسودے کی حمایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملک درست سمت کی جانب گامزن ہے اور سیاسی و معاشی استحکام کے بعد ترقی کی راہ پر بڑھ رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔











