
وزیراعظم کا پاکستان میں گوگل کی سرمایہ کاری اور دفتر کے قیام کا خیرمقدم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے دفاتر کے قیام اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ہری پور میں گوگل مصنوعات کی اسمبلنگ لائن کا قیام ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوگل جیسی بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیاں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اعتماد کا اظہار کر رہی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی مصنوعات کی مقامی تیاری سے نہ صرف پاکستانی صارفین کے لیے یہ اشیاء سستی ہوں گی بلکہ ان کی برآمد کے ذریعے ملک کے زرمبادلہ میں اضافہ بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل قوم بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو آئی ٹی کے میدان میں بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور گوگل کے ساتھ آئی ٹی ٹریننگ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔وزیراعظم نے بتایا کہ وفاقی حکومت ایک لاکھ باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپ فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ اس شعبے میں ترقی کے لیے مطلوبہ سہولیات حاصل کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں نوجوانوں اور خواتین کے لیے آئی ٹی تربیتی پروگرام جاری ہیں جن کا مقصد انہیں بین الاقوامی مارکیٹ میں مسابقت کے قابل بنانا اور مالی طور پر خودمختار کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو خطے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کے لیے کوششیں تیز رفتاری سے جاری ہیں۔انہوں نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ان کی ٹیم کی آئی ٹی شعبے کی ترقی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔











