بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے پر زور

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معیشت کے استحکام، سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے ردِعمل پر مبنی پالیسی سازی کے بجائے اصلاحات پر مبنی، مستقبل بین سوچ اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کراچی میں منعقدہ "دی فیوچر سمٹ” کے نویں ایڈیشن کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معیشت کی نئی سمت متعین کرنے کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات، مالی نظم و ضبط اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے جسے بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے، اور بڑی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معاشی درجہ بندی میں بہتری کی ہے جبکہ آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے تحت دوسرا جائزہ بھی کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت معدنیات، آئی ٹی، زراعت، دواسازی اور بلیو اکانومی جیسے ترجیحی شعبوں میں سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
ٹیکنالوجی اور علم پر مبنی معیشت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے گوگل کے پاکستان میں دفتر کھولنے اور ملک کو علاقائی ٹیکنالوجی و برآمداتی مرکز بنانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
وزیر خزانہ نے نوجوانوں کو ڈیجیٹل اور ٹیکنیکل مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے وہ کوڈنگ، بلاک چین اور مصنوعی ذہانت جیسے جدید شعبوں میں بہتر مواقع حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے وفاقی وزارتوں اور محکموں کی تنظیمِ نو، خسارے میں چلنے والے اداروں جیسے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور پاسکو کی بندش، اور نئے سرکاری ملازمین کے لیے متعین شراکتی پنشن اسکیم کی جانب منتقلی سے متعلق حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

اشتہار
Back to top button