بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

صدر آصف علی زرداری کی قطر کے ساتھ دفاعی تعاون میں توسیع کی پیشکش

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے پاکستان اور قطر کے درمیان دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی پیشکش کی ہے۔
یہ پیشکش انہوں نے دوحہ میں ریاستِ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کے دوران کی۔
قطر کے امیر نے صدرِ پاکستان کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ متعلقہ حکام کو پاکستان کے ساتھ فوری طور پر مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت دیں گے۔
شیخ تمیم بن حمد الثانی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ایک بروقت اور خوش آئند قدم ہے، جو پہلے اٹھایا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے، جو بیک وقت چین، مغربی دنیا اور خلیجی ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات رکھتا ہے۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی بھی تجویز پیش کی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی و برادرانہ تعلقات کو ایمان، باہمی اعتماد اور امتِ مسلمہ کی ترقی، امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی قرار دیتے ہوئے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے عالمی سطح پر قطر کے بڑھتے ہوئے کردار، مکالمے کے فروغ اور انسانی ہمدردی پر مبنی سفارتکاری کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر امیرِ قطر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے غزہ کے عوام کے لیے جنگ بندی اور انسانی امداد کی بھرپور وکالت کی۔
صدرِ پاکستان نے قطر کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ قطر کی خودمختاری کے دفاع اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت میں بین الاقوامی فورمز پر بھرپور سفارتی حمایت فراہم کی ہے۔
انہوں نے پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے فروغ کا خیرمقدم کیا اور یقین ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون مزید مستحکم ہوتا جائے گا۔

اشتہار
Back to top button