
پاکستان اور ترکی ریلوے شعبے میں تعاون بڑھانے پر متفق
پاکستان اور ترکی نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، علاقائی رابطوں کو فروغ دینے اور ریلوے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یہ عزم اسلام آباد میں ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کے موقع پر پاکستان کے وزیر ریلوے حنیف عباسی اور ترکی کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اورالوغلو کے درمیان ملاقات کے دوران ظاہر کیا گیا۔
دونوں ممالک نے انجینئرنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور افرادی قوت کی پیشہ ورانہ تربیت میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بات چیت کی۔اس کے علاوہ، دونوں فریقین نے لاجسٹکس کورڈورز کے قیام، بندرگاہوں سے رابطے میں بہتری اور جدید علاقائی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی ترقی کے مواقع کا بھی جائزہ لیا۔یہ پیش رفت پاکستان اور ترکی کے درمیان اقتصادی و انفراسٹرکچر تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں موثر ٹرانسپورٹ نیٹ ورک قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔











