بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

صدر آصف علی زرداری کی پولش سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

درِ پاکستان آصف علی زرداری نے پولینڈ کے کاروباری اداروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں پولینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ رادوسلاف سیکورسکی سے ملاقات کے دوران کہی، جو ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان، پولینڈ کے ساتھ طویل عرصے سے قائم باہمی احترام اور تعاون پر مبنی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، خصوصاً قابلِ تجدید توانائی، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں۔

صدر مملکت نے جنوبی اور وسطی ایشیا میں امن، استحکام اور علاقائی روابط کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں معاشی انضمام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے یورپی یونین میں پاکستان کے لیے پولینڈ کی حمایت کو سراہتے ہوئے عالمی و علاقائی امور پر دونوں ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں تعلیم، دفاع اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بھی گفتگو ہوئی۔پولینڈ کے نائب وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

پولینڈ کے سفیر مچئی پسارسکی اور وزارتِ داخلہ و انتظامیہ کے انڈر سیکرٹری مچئی ڈسزچک بھی وفد کا حصہ تھے۔پاکستانی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکرٹری وزارتِ خارجہ نے ملاقات میں شرکت کی۔

اشتہار
Back to top button