بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اسلام آباد میں نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر کا جامع منصوبہ طلب

  وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت  ترقیاتی منصوبوں سے متعلق  سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اعلی سطح  کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دارالحکومت کے تمام بڑے منصوبوں کے لیے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو تعینات کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر منصوبے کیلئے الگ پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی سے منصوبوں پر جاری پیش رفت میں بہتری آئے گی اور متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز اپنے منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کا ذمہ دار ہو گا۔اجلاس میں گندھارا  کلب کو فعال کرنے کے پلان کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں گندھارا کلب میں کھیلوں اور تفریح کی مختلف سہولتیں مہیا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندھارا کلب میں موجودہ کلبز سے بہتر اور زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کلب میں جدت لانے کیلئے ٹاپ گالف اور گو کارٹنگ جیسی سہولتوں کو بھی متعارف کرایا جائے گا۔جدید سہولیات سے آراستہ گندھارا  کلب اپنی نمایاں خصوصیات کی وجہ سے دارالحکومت کا مرکز بنے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گندھارا کلب کا ٹوپوگرافی سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر کے منصوبے سے متعلق امور  پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے نئے کنونشن سنٹر  کی تعمیر کے منصوبے کا جامع پلان طلب کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے  سی ڈی اے ہسپتال کا متبادل پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پلان مرتب کیا جائے جس سے سی ڈی اے ملازمین کو علاج معالجے کی بہتر سہولت میسر ہو۔اجلاس میں مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع، مختلف سیکٹرز کی ڈویلپمنٹ، ہوٹلز اور کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کے پراجیکٹس پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں فلاح عامہ کے تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس ، ڈی سی اسلام آباد اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اشتہار
Back to top button