
پاکستان نے اقتصادی شعبے میں حاصل کامیابیوں کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرلیا، وزیر خزانہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے اقتصادی شعبے میں حاصل کامیابیوں کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرلیا ہے۔امریکی چینلCGTN کے ساتھ ایک انٹرویو میںانہوں نے کہا کہ کرنسی مستحکم ہے اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر ڈھائی ماہ کی درآمدات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔
وزیر خزانہ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجیٹ میں آچکی ہے اور پالیسی کی شرح نصف کر دی گئی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی ملک کی معاشی کارکردگی کی وجہ سے اس کی عالمی درجہ بندی کو بہتر کیاہے۔
چین کے ساتھ تعلقات کے بارے میں ایک سوال پر وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ دیرینہ اور آہنی دوستی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ دو طرفہ تجارت کو اگلی سطح تک لے جانے سمیت معدنیات ، کان کنی، زراعت، اے آئی اور آئی ٹی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پرمبنی ہے۔