
دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پرعزم ہے: عطا اللہ تارڑ
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ وہ اسلام آباد میں منعقدہ ایک فورم "پاکستان میں دہشت گردی کا تسلسل: چیلنجز اور مستقبل کا لائحہ عمل” سے خطاب کر رہے تھے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سیکیورٹی ادارے، پولیس اور صوبائی حکومتیں ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف مربوط، منظم اور فیصلہ کن کارروائیاں کر رہی ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے نہ صرف ملک بلکہ دنیا کو بھی اس ناسور سے بچایا ہے۔وزیرِ اطلاعات نے آرمی پبلک اسکول کے سانحے کے بعد پیدا ہونے والی قومی یکجہتی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد شروع ہونے والے بڑے فوجی آپریشنز جیسے ضربِ عضب اور ردالفساد نے ملک میں امن بحال کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نیشنل ایکشن پلان کو اس کی مکمل روح کے ساتھ نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہے، جس میں فوجی اقدامات کے ساتھ ساتھ معاشی اصلاحات اور انتہا پسندی کے خاتمے جیسے غیر عسکری اقدامات بھی شامل ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سفارت کاری میں اپنی اہمیت کو بڑھایا ہے، اور معاشی استحکام، ڈیجیٹل ترقی اور انسدادِ دہشت گردی کے میدان میں حاصل کردہ کامیابیاں عالمی سطح پر سراہا جا رہی ہیں۔