
زیتون کے شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے: رانا تنویر حسین
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے ملک میں زیتون کے شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔وہ آج اسلام آباد میں منعقدہ "پاکستان اولیو سمٹ” سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ حکومت کا مقصد ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جہاں زیتون کی کاشت، پراسیسنگ اور برآمدات کو فروغ ملے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ رانا تنویر حسین نے پاکستان میں زیتون کی صنعت کی وسیع صلاحیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کے پاس زرخیز زمین، موزوں آب و ہوا اور بڑھتی ہوئی دلچسپی موجود ہے جو زیتون کی کامیاب کاشت کے لیے ضروری عناصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر درست حکمتِ عملی، جدید انفرااسٹرکچر اور مؤثر شراکت داری کو یقینی بنایا جائے تو ہم کاشتکاروں کو بااختیار بنا سکتے ہیں، مقامی کاروبار کو فروغ دے سکتے ہیں اور درآمدات پر انحصار کم کر سکتے ہیں۔وزیرِ غذائی تحفظ نے زیتون کے شعبے کو زرعی ترقی، غذائی خود کفالت اور برآمدات میں اضافے کا ایک نیا باب قرار دیا۔