
اسلام آباد میں فضائی آلودگی کے خلاف مہم جاری — گاڑیوں کی جانچ پڑتال، متعدد پر جرمانے
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اخراجات (Emissions) کی نگرانی کی مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے، جس کا مقصد شہر میں بڑھتی ہوئی سموگ اور گاڑیوں سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی کے خطرات کا تدارک کرنا ہے۔ وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کے ترجمان محمد سلیم شیخ کے مطابق یہ مہم اسلام آباد میں ماحولیاتی بہتری اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے حکومت کے پختہ عزم کی عکاس ہے۔ مہم کے دوران اب تک 50 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ان میں سے 13 گاڑیوں کو ماحولیاتی معیار پر پورا نہ اُترنے پر جرمانہ کیا گیا، 17 گاڑیوں کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے، جبکہ 20 گاڑیاں ماحولیاتی معیار کے مطابق پائی گئیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ حکومت فضائی آلودگی میں کمی اور صاف ستھرا ماحول یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماحولیاتی قوانین کی پاسداری کریں اور صحت مند اور پائیدار ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔