بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشین ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، پاک افغان سرحد پر سکیورٹی کی صورتحال سے آگاہ کیا

وزیراعظم شہباز شریف نے افغان حکام پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان کی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں، جو پاکستان کے اندر حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیاں کر رہے ہیں۔

یہ مطالبہ انہوں نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران کیا، جنہوں نے آج وزیراعظم شہباز شریف کو فون کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعظم نے اپنے ملائیشین ہم منصب کو پاک-افغان سرحد پر سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم افغان سرزمین سے جاری سرحد پار دہشت گردی پاکستان کے لیے ایک مستقل چیلنج بنی ہوئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یاد دلایا کہ پاکستان نے افغان حکام کی درخواست پر دوحہ میں مذاکرات کے لیے عارضی جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی، تاہم دہشت گرد تنظیموں جیسے کہ فتنہ الخوارج، فتنہ الہند، تحریک طالبان پاکستان (TTP) اور بلوچ لبریشن آرمی (BLA) کے خلاف عملی اور ٹھوس اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ سرحدی علاقوں میں امن بحال ہو سکے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کی بحالی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

علاوہ ازیں، وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم انور ابراہیم کو شرم الشیخ میں منعقدہ "غزہ امن معاہدے” کی دستخطی تقریب میں اپنی شرکت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اس سے فلسطینی عوام کی تکالیف کا فوری خاتمہ، غزہ تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی، اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن و استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔

دو طرفہ تعلقات کے تناظر میں، وزیراعظم نے کوالالمپور کے حالیہ دورے کے دوران ملائیشین قیادت اور عوام کی گرمجوش میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ دورے کے دوران طے پانے والے فیصلے، بالخصوص حلال گوشت کی برآمدات اور دیگر باہمی مفاد پر مبنی شعبوں میں تعاون نے پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔

اشتہار
Back to top button