
پاکستان اور روس کا میڈیا و سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سے پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خورےف نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، سیاحت کے فروغ اور میڈیا کے مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (APP) اور سپوتنک نیوز ایجنسی کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان ٹیلی ویژن (PTV) اور رشین ٹیلی ویژن (RT) کے درمیان تعاون کے معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی۔
عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ سے متعلق تجاویز بھی زیر غور آئیں جن میں ڈیجیٹل انفلوئنسرز اور نوجوان وفود کے تبادلے جیسے پروگرام شامل تھے۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین سفارتی تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک کو میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔
روسی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں، جو دنیا بھر کے سیاحوں بالخصوص روسی سیاحوں کے لیے خاص کشش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس اپنے تعلقات کو ایک عملی شراکت داری میں بدلنے کے لیے مختلف نئے شعبہ جات میں تعاون کے امکانات تلاش کر رہے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے میڈیا، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔