پاکستان پرامن حل کے حامی اصولی مؤقف پر قائم ہے: جنرل ساحر شمشاد مرزا
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین اور جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنے مستقل مؤقف پر قائم ہے۔
وہ راولپنڈی میں منعقدہ اسلام آباد سمپوزیم 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے زیر اہتمام منعقد ہوا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی شمال و جنوب کے مابین توازن قائم کرنے کے لیے مذاکرات، وقار اور اصولی سفارت کاری کو بنیاد بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تصادم کی بجائے تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین پر مبنی بقائے باہمی کے وژن پر ہے۔
تقریب میں ممتاز تعلیمی ماہرین، بیوروکریٹس، غیر ملکی سفراء، کاروباری شخصیات، طلبہ، اور مختلف جامعات کے اساتذہ نے شرکت کی۔